پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نے ضلعی سطح پر سائنس کلبز کے قیام کا منصوبہ تیار کر لیا

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نےطلباء اور نوجوانوں میں سائنسی سوچ کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے ملک بھر میں ضلعی سطح پر سائنس کلبز قائم کرنے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ یہ منصوبہ ، جو اس وقت منظوری کے مرحلے میں ہے ، چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل کی جانب سے پیش کیا گیا ہے اور …

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نےطلباء اور نوجوانوں میں سائنسی سوچ کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے ملک بھر میں ضلعی سطح پر سائنس کلبز قائم کرنے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ یہ منصوبہ ، جو اس وقت منظوری کے مرحلے میں ہے ، چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل کی جانب سے پیش کیا گیا ہے اور سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے فروغ سے متعلق موجودہ حکومتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مجوزہ سائنس کلبز ضلعی سطح پر قائم کئے جائیں گے جن کا مقصد طلبہ کو سائنسی تعلیم، تحقیق اور اختراع کے لئے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ان کلبز کے ذریعے طلبہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی سے دلچسپی بڑھانے، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اساتذہ کی رہنمائی میں عملی سرگرمیوں، تجربات اور منصوبوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت سائنس کلبز سائنس شوز، سائنس میلوں، نمائشوں، مقابلہ جات اور قومی اہمیت کے موضوعات پر آگاہی سیشنز کے انعقاد کے لئے مرکزی کردار ادا کریں گے۔

اس اقدام کے اہم مقاصد میں سائنسی تجسس، تخلیقی سوچ اور تنقیدی صلاحیتوں کو فروغ دینا، عملی تعلیم کی حوصلہ افزائی، متعدد اسکولوں کے لئے ضلعی سطح پر سائنس سرگرمیوں کے مراکز قائم کرنا، ابتدائی عمر میں سائنسی صلاحیتوں کی نشاندہی اور خصوصاً پسماندہ و دور دراز اضلاع میں سٹیم کلچر کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ اگرچہ یہ منصوبہ ابھی منظوری کے مرحلے میں ہے تاہم ابتدائی خاکے کے مطابق منتخب سکولوں میں ضلعی سطح پر سائنس کلبز قائم کئے جائیں گے جہاں تربیت یافتہ اساتذہ کی معاونت حاصل ہوگی اور ان کلبز کو پی ایس ایف کی جاری سائنس عوامی آگاہی سرگرمیوں سے منسلک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والا ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے جس کا مینڈیٹ سائنسی تحقیق کے فروغ، سائنسی اداروں کو مضبوط بنانے اور عوام میں سائنس کی تفہیم بڑھانے کے لئے مختلف آؤٹ ریچ، سیمینارز اور استعداد سازی کے پروگراموں کا انعقاد ہے۔ سائنس کلبز کے مجوزہ منصوبے کے علاوہ پی ایس ایف پہلے ہی سائنسی آگاہی کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔

ان کوششوں کے تحت منگل کو ’’حیاتیاتی تنوع‘‘ اور ’’موسمیاتی تبدیلی: مواقع اور چیلنجز‘‘ کے موضوعات پر دو سیمینارز منعقد کئے گئے جن میں ماحولیاتی مسائل اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے میں سائنس کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ دریں اثناء ’’سائنس اور ٹیکنالوجی میں شفافیت اور احتساب‘‘ کے موضوع پر ایک اور سیمینار 27 جنوری کو منعقد کیا جائے گا۔

منتظم اور پرنسپل سائنٹیفک آفیسر پاکستان سائنس فاؤنڈیشن ریحانہ بتول کے مطابق اس سیمینار میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شفافیت، احتساب اور ای گورننس پر توجہ دی جائے گی جس میں وفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ سائنسدان اور پالیسی ساز بھی شرکت کریں گے۔

ریحانہ بتول نے امید ظاہر کی کہ سائنس کلبز کا یہ اقدام طلبہ کی سٹیم شعبوں میں دلچسپی اور شرکت میں اضافے، سائنسی تصورات کی بہتر عملی سمجھ، قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لئے باصلاحیت طلبہ کی نشاندہی اور طویل المدتی بنیادوں پر پاکستان میں سائنسی اختراع کے کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔