پاکستان سفارت خانہ برلن میں پاکستان۔جرمنی تعلقات اوورسیز کمیونٹی ویلفیئر اور ماحولیاتی تعاون پر اہم اجلاس

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان کے سفارت خانے میں میاں مبین اختر کی کوآرڈینیشن کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، طلبہ کی سہولیات، ماحولیاتی تعاون، میڈیا روابط اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برلن۔14مئی (اے پی پی):جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان کے سفارت خانے میں میاں مبین اختر کی کوآرڈینیشن کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، طلبہ کی سہولیات، ماحولیاتی تعاون، میڈیا روابط اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کی سفیرثقلین سیدہ، ایمبیسیڈر جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل یورپ و صدر گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل یورپ میاں مبین اختر، صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس طارق عثمانی، صدر پاکستان جرمن پریس کلب برلن ظہور احمد اور طالب علم محمد انور الحق نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سفیر ثقلین سیدہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان 75 سال سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی نے پاکستان کی ترقی میں تجارت، تعلیم، صحت، صنعتی شعبے، توانائی کے انفراسٹرکچر اور تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ماحولیاتی تبدیلی اور ہنر مند افرادی قوت کے تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور کلائمیٹ ریزیلینس کے فروغ کےلئے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مزید موثر تعاون ناگزیر ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہنر مند افرادی قوت کے تعاون کے فریم ورک پر پیش رفت ہوچکی ہے جبکہ باقی ماندہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط پاکستانی ہنر مند افراد کےلئے جرمنی میں مزید مواقع پیدا کریں گے۔

سفیر ثقلین سیدہ نے میاں مبین اختر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں مبین اختر اوورسیز پاکستانیوں کی رہنمائی، نئے آنے والے طلبہ کی مدد، مشکلات کا شکار کمیونٹی ممبران کی معاونت اور کمیونٹی مسائل کو منظم انداز میں سفارت خانے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان مثبت تعاون عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کی سماجی خدمات، کمیونٹی ویلفیئر اور پاکستان کے مثبت امیج کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل یورپ کے ایمبیسیڈر اور گرینڈ اوورسیز کلب انٹرنیشنل یورپ کے صدر میاں مبین اختر، جو گزشتہ 25 برس سے جرمنی میں مقیم ہیں، نے اوورسیز پاکستانیوں کےلئے دوہری شہریت کے تاریخی حق کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2026 میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوہری شہریت کو باضابطہ تسلیم کیا جانا جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ خواب تھا۔ انہوں نے اس کامیابی پر سفیر ثقلین سیدہ اور حکومت پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے اوورسیز پاکستانیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا، وطن سے تعلق مزید مضبوط ہوگا اور وہ اپنی پاکستانی شناخت، جائیداد اور وراثتی حقوق برقرار رکھتے ہوئے جرمن معاشرے میں مکمل طور پر ضم ہوسکیں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس سے وابستہ طارق عثمانی نے سفیر ثقلین سیدہ اور سفارت خانے کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سفارت خانے کی پیشہ ورانہ خدمات اور بروقت تعاون کو انتہائی مثبت انداز میں دیکھتی ہے۔

پاکستان جرمن پریس کلب برلن کے صدر ظہور احمد نے جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی میڈیا اور سفارت خانے کے درمیان مثبت تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی میڈیا کمیونٹی مسائل کو اجاگر کرنے، رابطوں کو مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ برلن کی ایک معروف یونیورسٹی میں انوائرمنٹل پلاننگ میں ماسٹرز کرنے والے طالب علم محمد انور الحق نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے پاکستان کو درپیش ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز، پائیدار ترقی، ماحولیاتی منصوبہ بندی اور پاکستان و جرمنی کے درمیان ماحولیاتی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کےلئے آگاہی، تکنیکی تعاون اور مستقبل پر مبنی پالیسی سازی ناگزیر ہے۔ اجلاس کے بعد وفد نے فرسٹ سیکرٹری علی شاہد اور ہیڈ آف چانسلری سرور حسین سے بھی ملاقات کی جنہوں نے سفارت خانے کے مختلف شعبہ جات، ویزا سیکشن، پاسپورٹ ڈیسک اور دیگر قونصلر و انتظامی دفاتر کا تفصیلی دورہ کروایا۔

اس موقع پر سفارت خانے کے حکام اور عملے نے اس امر پر زور دیا کہ جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان تعاون ایک مثبت، متحد اور معاون اوورسیز ماحول کے فروغ کےلئے انتہائی اہم ہے۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، جرمنی میں مقیم پاکستانیوں اور طلبہ کی معاونت، مثبت میڈیا روابط کے فروغ اور تعلیم، ماحولیاتی تحفظ، تجارت اور کمیونٹی ویلفیئر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔