پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن اتوار کو منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن اتوار کو منایا گیا

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن اتوار 3 مئی کو منایا گیا ۔اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد صحافیوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آوری کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اور زندگی کو درپیش خطرات کے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔

پاکستان میں صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود ماضی میں اہل صحافت نے پابندیاں اور اسیری کے مختلف ادوار دیکھے ، صحافت کی موجودہ آزادی صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے عقوبت خانوں میں تشدد برداشت کیا ،کوڑے کھائے اور پابند سلاسل رہے۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق 1992 سے 2025 کے دوران دنیا بھر میں 1402 سے زیادہ صحافیوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔

دوسری جانب فرائض کی انجام دہی کی پاداش میں قید کی صعوبتیں برداشت کرنے والے صحافیوں کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ آزاد ی صحافت کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک آزاد اور خودمختار میڈیا ہی ایک باشعور اور مضبوط معاشرہ کی ضمانت ہے۔آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر سرکاری، غیر سرکاری ، نجی اور صحافتی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور اس دن کے حوالہ سے عوامی شعور اجاگر کیا گیا۔