پاکستان،ترکیہ، الجزائر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، موریطانیہ، فلسطین، قطر، سعودی عرب اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے شمال مغربی شام میں ابو الظہور فوجی اڈے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے،انہوں نے ان حملوں کو شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کی سنگین خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی قرار دیا ۔
پاکستان سمیت متعدداسلامی ممالک کی شام میں فوجی اڈے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):پاکستان،ترکیہ، الجزائر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، موریطانیہ، فلسطین، قطر، سعودی عرب اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے شمال مغربی شام میں ابو الظہور فوجی اڈے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے،انہوں نے ان حملوں کو شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کی سنگین خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی قرار دیا ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں وزرائے خارجہ نے شام کی سرزمین اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنانے اور نقصان پہنچانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات شام میں سلامتی کی بحالی، قومی اداروں کی تعمیرِ نو اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کی جاری کوششوں کو براہ راست نقصان پہنچانے کا خطرہ رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزیاں کشیدگی میں مزید اضافے، علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے ،بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے احترام کو کمزور کرنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام کے خلاف جاری جارحیت کے پیشِ نظر مضبوط، واضح اور اصولی موقف اختیار کرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ان خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے 1974ء کے معاہدے کا مکمل احترام یقینی بنانے اور اسرائیلی افواج کو ان علاقوں سے واپس بلانے کا مطالبہ کیا جہاں انہوں نے قبضہ کر رکھا ہے تاکہ مزید کشیدگی کو روکا اور علاقائی امن و استحکام کا تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے شام کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کے احترام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے پر زور دیا ہے ۔








