پاکستان سے 192 پروازوں کے ذریعے 48 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، خدمت کے لیے 1073 معاونین تعینات

پاکستان سے 192 پروازوں کے ذریعے 48 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، خدمت کے لیے 1073 معاونین تعینات

مکہ مکرمہ۔8مئی (اے پی پی):پاکستان کے مختلف شہروں سے حج 2026 کے لئے آنے والی 192 پروازوں کے ذریعے 48,388 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔ یہ تعداد کل سرکاری کوٹے کا 41 فیصد اور پرائیوٹ کوٹے کا 20فیصد بنتی ہے ۔ ان عازمین کی رہنمائی، خدمت اور سہولت کے لیے مجموعی طور پر 1,073 سرکاری خدام اور معاونین فیلڈ میں اپنی تعیناتی مکمل کر چکے ہیں ۔ پاکستان حج مشن جدہ کے مطابق اب تک آنے والی پروازوں میں سے 134 مدینہ منورہ اور 58 جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں ۔ سرکاری سکیم کے علاوہ پرائیویٹ سکیم کے تحت بھی اب تک 9,368 عازمین حج کی آمد مکمل ہو چکی ہے ۔

مجموعی عازمین میں سے 80 فیصد یعنی 38,584 عازمین اس وقت مکہ مکرمہ میں قیام پذیر ہیں جبکہ بقیہ 20 فیصد یعنی 9,804 عازمین مدینہ منورہ میں موجود ہیں ۔ عازمین کی خدمت کے لیے تعینات کیے گئے 1,073 فلاحی عملے میں 635 معاونین، 255 طبی عملہ ، 175 خدام اور 8 ٹیکنیکل سٹاف شامل ہے ۔ اس وقت مکہ مکرمہ میں 951، مدینہ منورہ میں 261 اور جدہ ایئرپورٹ پر عازمین کے استقبال کے لیے 21 خدام اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی آمد و رفت کو سہل اور آرام دہ بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جہاں اب تک ضرورت سے زیادہ بسیں اور کوسٹرز فیلڈ میں فعال کی جا چکی ہیں تاکہ ضیوف الرحمن کو حرم پاک تک رسائی میں کم سے کم وقت لگے اور ان کا سفر آرام دہ رہے ۔