پاکستان فرنیچر کونسل کے وفد نے مشترکہ منصوبوں کے لیے جاری بات چیت میں پیش رفت کی خاطر اپنے دورہ امریکا میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی

میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے وفد ( جو چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں امریکا کے دورے پر ہے) نے فرنیچر کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے لیے جاری بات چیت میں مزید پیش رفت کی خاطر اپنے دورے میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ جمعرات کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں نے فرنیچر کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں۔

پی ایف سی کا وفد اس کے سی ای او کی قیادت میں نئی منڈیوں کی تلاش اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے امریکا کے دورے پر ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات کے حجم میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے کیونکہ امریکی اور یورپی منڈیوں میں گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ آفس فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بڑھتی ہوئی عالمی طلب کے پیش نظر فرنیچر کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، وفد اس شعبے میں مصنوعات کے جدید ترین ڈیزائن، اختراعات اور ٹیکنالوجیز کے بارے میں بھی سٹڈی کر رہا ہے۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس طرح کے کاروباری دورے پاکستانی فرنیچر مینوفیکچررز کے لیے سالانہ ایک ارب ڈالر سے زائد کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ، امریکا، سری لنکا اور خلیجی ممالک بشمول متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان اور کویت پاکستان کے لکڑی کے فرنیچر کے بڑے خریدار ہیں، امریکا زیادہ تر بیڈروم فرنیچر جبکہ برطانیہ اور خلیجی ممالک کچن اور آفس فرنیچر درآمد کرتے ہیں۔