پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کا بے مثال خزانہ ہے، ڈسکور پاکستان اور پی ٹی ڈی سی جیسے ادارے ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، محمد حنیف عباسی

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کا ایک بے مثال خزانہ ہے جسے دنیا کے سامنے مثبت انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن جیسے ادارے ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، سیاحت نہ صرف ملکی معیشت …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کا ایک بے مثال خزانہ ہے جسے دنیا کے سامنے مثبت انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن جیسے ادارے ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، سیاحت نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط کرتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کے سافٹ امیج کو عالمی سطح پر بہتر بنانے میں بھی اہم ذریعہ بنتی ہے۔

وہ ڈسکور پاکستان اور پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے منعقدہ قومی سطح کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیاحت کے فروغ کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد اور اداروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے، شمالی علاقہ جات کے برف پوش پہاڑ، ہنزہ، سکردو، نگر اور گلگت کی حسین وادیاں، کشمیر کے دلفریب مناظر، سوات، کاغان، ناران اور دیر کے سرسبز علاقے، بلوچستان کے نیلگوں ساحل، گوادر، پسنی اور ہنگول نیشنل پارک، تھرپارکر کی ثقافتی رنگا رنگی، چولستان کا صحرا اور لاہور، ملتان، ٹیکسلا اور موہنجو دڑو جیسے تاریخی مقامات پاکستان کو دنیاکا منفرد سیاحتی مقام بناتے ہیں۔

انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام افراد و اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ اور محنت پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان پائیدار سیاحت، انفراسٹرکچر کی بہتری، سکیورٹی، بہتر رسائی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ ایکو ٹورازم، ایڈونچر ٹورازم اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کو فروغ دینا بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

محمد حنیف عباسی نے وزارت ریلوے کی جاری اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، بہترین اور عالمی معیار کے ریلوے سٹیشنز، شفافیت، ڈیجیٹل نظام، اعلیٰ سفری سہولیات، ریونیو میں اضافہ اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ان اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے ڈسکور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ جس طرح ملک کے قدرتی حسن کو اجاگر کر رہے ہیں، اسی طرح پاکستان ریلوے کی اصلاحات اور عوامی خدمت کے سفر کو بھی دنیا تک پہنچائیں۔

انہوں نے ملکی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، قومی سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کی بصیرت، جرات اور حکمت عملی نے پاکستان کو ایک باوقار، مضبوط اور خوداعتماد ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے جو ملکی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے خواہش ظاہر کی کہ ڈسکور پاکستان ایوارڈ کا انعقاد ہر سال کیا جائے تاکہ ملک کے مثبت تشخص کو مزید تقویت ملے اور پاکستان کی اصل خوبصورتی دنیا کے سامنے اجاگر ہوتی رہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔

 

مزید خبریں