پاکستان قیامت تک قائم رہنے والا ملک ہے‘ ہمیں اپنی درست سمت متعین کرنا ہوگی‘ پیر نورالحق قادری

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے والا ملک ہے‘ خطے میں مسلسل تبدیلی کا رجحان ہے‘ ہمیں اپنی درست سمت متعین کرنا ہوگی‘ مہنگائی کا بھی انشاءاللہ کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔ وہ جمعہ کو ڈاکٹر محمد اکرم شیخ کی کتاب ” دین اسلام ایک مکمل نظام حیات‘ قائد اعظم کا تصور پاکستان‘ …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے والا ملک ہے‘ خطے میں مسلسل تبدیلی کا رجحان ہے‘ ہمیں اپنی درست سمت متعین کرنا ہوگی‘ مہنگائی کا بھی انشاءاللہ کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔ وہ جمعہ کو ڈاکٹر محمد اکرم شیخ کی کتاب ” دین اسلام ایک مکمل نظام حیات‘ قائد اعظم کا تصور پاکستان‘ جدید اسلامی فلاح ریاست کا قیام“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ نور الحق قادری نے کہا کہ کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ قائداعظم پاکستان کو سیکولر بنیاد پر قائم کرنا چاہتے تھے۔ اگر وہ پاکستان کو سیکولر ملک بنانا چاہتے تو کانگریس چھوڑ کر مسلم لیگ میں نہ آتے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے اسلام اور پاکستان کے حوالے سے سوچ واضح ہے۔ تقسیم ہند کے وقت 40 کروڑ آبادی میں سے 10 کروڑ مسلمان تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا خیال یہ تھا کہ مسلمانوں کو مذہب پر عمل کرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔ آج کے مودی کے بھارت نے یہ ثابت کیا ہے کہ قائداعظم کی سیاسی و فکری سوچ درست تھی۔ قائداعظم روایتی مذہبی شخصیت نہیں بلکہ دین پر عمل کرنے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علماءکہتے تھے کہ تھری پیس سوٹ والا کیسے مسلمانوں کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیر سیال شریف نے یہ کہا تھا کہ انہوں نے خواب میں قائداعظم کو نبی کریمﷺ کے ساتھ دیکھا تھا۔ نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جدید اسلامی فلاحی ریاست ہے۔ جدید پاکستان کا مطلب مذہبی جنونیت ہے نہ مادر پدر آزادی ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں مسلسل تبدیلی کا رجحان ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی درست سمت متعین کرنا ہوگی۔ نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے والا ملک ہے۔ ہمیں اپنی نظریاتی اساس سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ عمران خان پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی جانب لے کر جانا چاہتے ہیں۔ حضرت امام ابو حنیفہؒ نے کہا تھا کہ ”حکمران تنقید برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کے لئے دعا کیا کرو۔“ نور الحق قادری نے کہا کہ ریاست مدینہ ہوا میں نہیں زمین پر بننے والی ریاست ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ ریاست مدینہ میں ہاتھ اور سر کاٹے جائیں گے۔ اللہ کا حکم ہے کہ فساد پھیلانے والوں کو قتل کرو اور زمین بدر کردو۔ ریاست مدینہ میں اقلیتوں سمیت سب کے حقوق کا تصور ہے۔ ریاست مدینہ قائم ہونے میں بھی 23 سال لگے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ نے جب کتے کے بھوک سے مرنے کی بات کی تھی اس وقت ریاست مدینہ قائم ہوئے کافی وقت گزر چکا تھا۔ نور الحق قادری نے کہا کہ مہنگائی کا بھی انشاءاللہ کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔

مزید خبریں