وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر پوری قوم اور اُن تمام افراد کو مبارکباد پیش کی ہے جو ہمارے مشترکہ انسانی ورثہ کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔
پاکستان متنوع ورثہ کا حامل ملک ہے ،وفاقی وزیراورنگزیب خان کھچی کا عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر پوری قوم اور اُن تمام افراد کو مبارکباد پیش کی ہے جو ہمارے مشترکہ انسانی ورثہ کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔ وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے ہفتہ کو جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس امر کی یاددلاتا ہے کہ ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا کس قدر اہم ذمہ داری ہے، جسے عالمی سطح پر یونیسکو بھی تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بھرپور اور متنوع ورثہ کا حامل ملک ہے جو ہماری تاریخ کی گہرائی، ثقافتی رنگا رنگی اور عوام کی ثابت قدمی کی عکاسی کرتا ہے۔
قدیم تہذیبوں سے لے کر شاندار تعمیراتی شاہکاروں اور زندہ روایات تک، ہمارا ورثہ ہماری قومی شناخت اور فخر کا اہم ستون ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان کا ورثہ قدیم حجری دور سے شروع ہو کر نو حجری دور، کانسی کے زمانے، عظیم وادی سندھ کی تہذیب، گندھارا کے دلکش فن، شاندار اسلامی ادوار اور مغلیہ سلطنت کی عظیم یادگاروں تک پھیلا ہوا ہے۔ پاکستان کے عالمی ورثہ کے مقامات نہ صرف وادی سندھ کی تہذیب بلکہ گندھارا کے بدھ مت فن اور برصغیر کے اسلامی و مغلیہ طرزِ تعمیر کی شان و شوکت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ فریقین، بشمول سرکاری اداروں، صوبائی حکومتوں، مقامی کمیونٹیز اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ ہمارے قیمتی ورثہ کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں تیز کریں۔ پائیدار تحفظ نہ صرف ہماری قومی ذمہ داری ہے بلکہ سیاحت، تعلیم اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کا ایک موثر ذریعہ بھی ہے۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان کے ورثہ سے متعلق ادارے اپنے عالمی ورثہ کے مقامات اور تاریخی یادگاروں کے تحفظ، مرمت، دیکھ بھال اور موثر انتظام کے لیے جدید تقاضوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر اس عزم کی تجدید کریں کہ ہم اپنے قومی ورثہ کو محفوظ رکھیں گے اور اسے آئندہ نسلوں تک نہ صرف اسی حالت میں منتقل کریں گے بلکہ مزید بہتر اور مستحکم بنا تے ہوئے آگے بڑھائیں گے۔








