پاکستان میں آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا گیا ہے ،قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد کی منظور ی

قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے پاکستان نے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے پاکستان نے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن شاہدہ رحمانی نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔ اس سے قبل ایوان میں رولز معطل کرنے کی قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی جس کی منظوری کے بعد یہ قرارداد شاہدہ رحمانی نے ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں پاکستان کی خواتین کے نمایاں کردار ، ان کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی میں خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا گیا ہے تاہم انہیں بنیادی انسانی حقوق ، انصاف تک مساوی رسائی اور فیصلہ سازی میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ خواتین کو آئین میں جو حقوق فراہم کئے گئے ہیں ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور صنفی امتیاز، تشدد کے خلاف انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گورننس میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا، ان کے تحفظات دور کرنے اور انہیں قانونی تحفظ کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،

خواتین کی ترقی کیلئے کی جانے والی سرمایہ کاری میں اضافہ کی ضرورت ہے تاکہ خواتین اور بچیوں کو براہ راست اس سے فائدہ مل سکے، انہیں صحت، تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور معاشی طور بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی سیاسی عمل میں شرکت بھی یقینی بنائی جائے، ترقیاتی فنڈز اور سرکاری وسائل کے استعمال میں خواتین کو مقدم رکھا جائے گا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ویمن پارلیمانی کاکس کی خواتین کیلئے اجتماعی کاوشوں کو سراہتا ہے اور خواتین کی آواز اور جمہوری اداروں میں ان کی لیڈر شپ کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کا عزم کرتا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔