اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف سائوتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو میاں ذیشان الٰہی کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کا تجارتی حجم 3.3 ٹریلین ڈالر سے بڑھ چکا ہے جس …
پاکستان میں آسیان ممالک کے ساتھ تجارت میں اضافہ کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، مہر کاشف یونس
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف سائوتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو میاں ذیشان الٰہی کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کا تجارتی حجم 3.3 ٹریلین ڈالر سے بڑھ چکا ہے جس کے مستقبل قریب میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کا تجارتی حجم 11 بلین ڈالر ہے، جو اس کی دستیاب صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پہلے ہی آسیان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور ڈیجیٹل معیشت سمیت تجارت کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا عملی اطلاق جامع علاقائی اقتصادی شراکت داری (آر ای سی پی) معاہدے کے ذریعے فراہم کردہ فریم ورک میں بھی دیکھا جاتا ہے جس نے خطے کو دنیا کے سب سے بڑے تجارتی معاہدے میں متحد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور ادارے اپنے علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور جامع علاقائی اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت میسر کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی طویل مدتی کامیابی کا ایک اہم جزو ڈیجیٹل معیشت اور کم کاربن ڈویلپمنٹ جیسے نئے محرکات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت صرف اسی صورت میں اپنی پوری صلاحیت کے مطابق پنپ سکتی ہے جب ڈیجیٹل سٹینڈرڈز اور پروٹوکول کا مشترکہ معاہدہ موجود ہو۔
انہوں نے کہا کہ مختلف متنوع شعبوں میں پاکستان کے لیے آسیان کے ساتھ تجارت کے حجم کو بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جو اس ضمن میں بھر پور تعاون دینے کے لیے پرعزم ہیں اور یہ کوویڈ 19 اور حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے تباہ حال معیشت کی مکمل و اجتماعی بحالی کا نادر موقع ہے۔









