پاکستان میں اسکائوٹنگ کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا عالمی یوم اسکائوٹس کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسکاوٹس نوجوان نسل کی کردار سازی، نظم و ضبط، حب الوطنی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ عالمی یوم اسکاوٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں اسکاوٹس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکائوٹ تحریک نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی …

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسکاوٹس نوجوان نسل کی کردار سازی، نظم و ضبط، حب الوطنی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ عالمی یوم اسکاوٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں اسکاوٹس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکائوٹ تحریک نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے میں نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے اسکاوٹس نے قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور سماجی خدمات کے مختلف شعبوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ان کی مثبت تربیت کے لیے اسکاوٹنگ جیسے اداروں کو مزید مضبوط اور فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں تعاون، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور اسکاوٹ تحریک انہیں قیادت، خود اعتمادی اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اسکاوٹس کے عالمی دن کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اسکائوٹنگ کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔