"اسپین کے پاکستان میں سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت سے ملاقات میں پاک اسپین دوطرفہ تجارت، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”
پاکستان میں تعینات ہسپانوی سفیر کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ، پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 15 اگست (اے پی پی):اسپین کے پاکستان میں سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تجارت، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور آر سی سی آئی کے ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کاروباری روابط، مارکیٹ تک رسائی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اسپین پاکستانی برآمد کنندگان بالخصوص ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کے لیے اہم مارکیٹ ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ پاکستان اسپین کی جدید زرعی ٹیکنالوجی، پریسیژن فارمنگ، آبپاشی، زرعی مشینری، گرین ہاؤس ٹیکنالوجی اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کے درمیان زراعت کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے لیے حالیہ مشاورت اس تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اسپین کی مارکیٹ میں چاول، ایتھنول، آلو اور مکئی سمیت مختلف مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امکانات کی نشاندہی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپین نے پاکستان کے سازگار تجارتی توازن کو بھی تسلیم کیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل مصنوعات اسپین کو پاکستان کی اہم برآمدات میں شامل ہیں۔اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے اسپین کے سفیر کو پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال پیش کیا جو فیفا ورلڈ کپ کی مناسبت سے پاکستان کی اسپورٹس مینوفیکچرنگ کی صلاحیت اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کی علامت ہے۔اسپین کے سفیر نے آر سی سی آئی کی جانب سے منعقدہ یوم آزادی کی تقریب اور کیک کاٹنے کی تقریب میں بھی شرکت کی، جس سے پاکستان اور اسپین کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط کی عکاسی ہوئی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی اقتصادی مفاد کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔







