پاکستان میں سنگاپور کنونشن پر عمل درآمد کیلئے قانون سازی جلد پارلیمان میں پیش ہوگی، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سنگاپور کنونشن آن میڈی ایشن پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی اور توثیق کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، قانون سازی جلد پارلیمان میں پیش کی جائے گی جس کے بعد ثالثی کے ذریعے طے پانے والے تنازعات کے معاہدے کنونشن کے دیگر 57 دستخط کنندہ ممالک میں قابلِ نفاذ ہوں …

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سنگاپور کنونشن آن میڈی ایشن پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی اور توثیق کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، قانون سازی جلد پارلیمان میں پیش کی جائے گی جس کے بعد ثالثی کے ذریعے طے پانے والے تنازعات کے معاہدے کنونشن کے دیگر 57 دستخط کنندہ ممالک میں قابلِ نفاذ ہوں گے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار سنگاپور کنونشن ویک 2026 سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مئی 2025 میں سنگاپور کنونشن آن میڈی ایشن پر دستخط کرنے والا 58واں ملک بنا، پاکستان کی کنونشن سے وابستگی محض علامتی اقدام نہیں بلکہ ایک عملی قدم ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سنگاپور کنونشن غیر ملکی سرمایہ کاروں کو قانونی یقین دہانی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ یہ مقدمہ بازی کے خطرات کم کرنے اور تجارتی تعلقات کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کو محض قانونی ضابطہ نہیں بلکہ ایک معاشی اثاثہ سمجھتا ہے اور عالمی سرمایہ کاری برادری کو قانون کی حکمرانی اور مؤثر تنازعہ حل کے اپنے عزم کا واضح پیغام دے رہا ہے۔وفاقی وزیر قانون نے وزارتِ قانون، حکومتِ سنگاپور اور سنگاپور انٹرنیشنل میڈی ایشن سینٹر کی رہنمائی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سنگاپور کنونشن ویک 2026 کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔