پاکستان علما ء کونسل کے چیئرمین اور معاونِ خصوصی وزیرِاعظم حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن بنا کر خطے میں امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن بنا کر خطے میں امن کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ،طاہر محمود اشرفی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان علما ء کونسل کے چیئرمین اور معاونِ خصوصی وزیرِاعظم حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن بنا کر خطے میں امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 40 برس بعد دونوں ممالک کی قیادت کا آمنے سامنے بیٹھنا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور اسے مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ فریقین مذاکرات کی میز پر آئے اور کسی نے بھی مذاکرات کا دروازہ بند ہونے کا اعلان نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کا آپس میں متحارب نہ ہونا خود ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اگر ایرانی میزائلوں کا جواب خلیجی ممالک دیتے تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا اور یہ سفارتی عمل پاکستان کی عالمی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے اعلان کیا کہ عالمی پیغامِ اسلام کانفرنس اب 14اپریل کی بجائے 20اپریل کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی جس میں چار سے پانچ ہزار علما اور مفتیانِ کرام شرکت کریں گے جبکہ مفتی اعظم فلسطین اور قاضی القضا سمیت عالم اسلام کی اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لئے قائم ہوا تھا آج وہ مقصد پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کوششوں کو سراہا۔علامہ طاہر اشرفی نے ایران اور امریکہ سے اپیل کی کہ وہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے بعد کشمیر کے مسئلے کے حل کا راستہ بھی اسی سفارتی عمل سے نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محافظِ حرمین شریفین کا اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قومی اور اسلامی موقف ایک ہے اور ایران پر حملے ہوں یا خلیجی ممالک پر ایرانی حملے دونوں ناقابل قبول ہیں۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کچھ عناصر بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کی کامیابیوں کو ناکامیوں میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ریاستی پالیسی پر متفق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب، ترکیہ، مصر سمیت متعدد مسلم ممالک نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے جبکہ مذاکرات کے دوران سکیورٹی اداروں کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔








