امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لبنانیوں کے قتل کا حساب اسرائیل کو دینا ہوگا، پاکستان نے ایران، امریکا اسلام آباد مذاکرات پر بہترین سہولت کاری و سفارت کاری کی۔
پاکستان نے ایران۔امریکا مذاکرات پر بہترین سہولت کاری کی، حافظ نعیم الرحمان

مزید خبریں
لاہور۔14اپریل (اے پی پی):امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لبنانیوں کے قتل کا حساب اسرائیل کو دینا ہوگا، پاکستان نے ایران، امریکا اسلام آباد مذاکرات پر بہترین سہولت کاری و سفارت کاری کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات میں بات چیت تقریبا طے ہونے جا رہی تھی کہ نیتن یاہو کی کال کی وجہ سے فریقین کے درمیان گفتگو حتمی نتیجہ پر نہ پہنچ سکی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے پاس سینکڑوں ایٹمی ہتھیار ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ بس ایران کے پاس ایٹمی صلاحیت نہیں ہونی چاہیے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل و امریکہ نے معاہدہ کے باوجود ایران پر حملے کئے، امریکہ نے تہذیب و شناخت ختم کرنے کی دھمکی دی تو ایرانیوں نے ہاتھ کی زنجیر بنائی دنیا کو پیغام دیا وہ مضبوط قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل تمام اہداف میں ناکام ہوگئے، رجیم تبدیل کیا اور نہ میزائل پروگرام بند کروا سکے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایران امریکہ مذاکرات کامیاب ہوں تاکہ دنیا کی پریشانی ختم ہو، حیرت ہے کہ پہلے امریکہ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کی بات کی اور اب وہ ہی اسے بند کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب چین و روس کو کردار ادا کرناچاہیے وگرنہ دنیا کی تباہی ہو جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے ،اس پر بعض عالمی قوتوں کی جانب سے بات نہ کرنا افسوسناک ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے جنگ میں تحمل کا مظاہرہ قابل تحسین ہے جس کی وجہ سے دنیا مزید تقسیم ہونے سے بچ گئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کیلئے موقع ہے کہ ایران سے آزاد تجارت کرے۔








