پاکستان نے ایک مضبوط اور دوٹوک سفارتی مؤقف کے ساتھ غزہ میں قیامِ امن کیلئے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک مضبوط اور دوٹوک سفارتی مؤقف کے ساتھ غزہ میں قیامِ امن کیلئے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دی گئی دعوت کی قبولیت اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان مظلوم اقوام کے حق …

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک مضبوط اور دوٹوک سفارتی مؤقف کے ساتھ غزہ میں قیامِ امن کیلئے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دی گئی دعوت کی قبولیت اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان مظلوم اقوام کے حق میں عالمی سطح پر مؤثر آواز رکھتا ہے۔

بدھ کو ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت جنگ بندی، انسانی تحفظ اور غزہ کی بحالی کو یقینی بنانے کی عملی کوششوں کا حصہ ہے، پاکستان واضح طور پر سمجھتا ہے کہ وقتی اقدامات نہیں بلکہ مستقل اور منصفانہ حل ہی خطے کو پائیدار امن کی طرف لے جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے ایک بار پھر اس اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ فلسطینی عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دیا جانا چاہئے اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر قائم آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، ہی امن کی واحد ضمانت ہے۔