پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313رنز بنالئے، امام الحق ، کپتان شان مسعود ،محمدرضوان اور سلمان آغا کی نصف سنچریاں

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313رنز بنالئے، امام الحق ، کپتان شان مسعود ،محمدرضوان اور سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں،امام الحق 93 اور شان مسعود 76رنز بنا کر نمایاں رہے، رضوان 62 اور سلمان آغا 52رنز کے ساتھ …

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313رنز بنالئے، امام الحق ، کپتان شان مسعود ،محمدرضوان اور سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں،امام الحق 93 اور شان مسعود 76رنز بنا کر نمایاں رہے، رضوان 62 اور سلمان آغا 52رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی میزبان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، جب اوپنر عبداللہ شفیق پہلے ہی اوور میں کگیسو ربادا کی گیند پر صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر امام الحق اور کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 161قیمتی رنز جوڑے۔ امام الحق جو دسمبر 2023کے بعد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے، نے لنچ سے قبل اپنی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی جبکہ شان مسعود نے اپنے 44ویں ٹیسٹ اور قذافی سٹیڈیم میں پہلے میچ میں بارہویں نصف سنچری سکور کی۔

کھانے کے وقفے کے بعد شان مسعود 76 رنز بنا کر آف سپنر پرینیلن سبریاین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ امام الحق بھی کچھ دیر بعد سپنر سینیوران مٹھوسامی کا شکار بنے، وہ 93رنز پر اپنی چوتھی ٹیسٹ سنچری سے صرف سات رنز کی دوری پر آئوٹ ہوئے۔چائے کے وقفے سے قبل سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے مٹھوسامی کی پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم نے 23رنز بنائے اور سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان اور آل رائونڈر سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 114رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، کھیل کے اختتام پر رضوان 62اور سلمان علی آغا 52رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔مہمان ٹیم کی جانب سے سینیوران مٹھوسامی سب سے کامیاب بائولر رہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرینیلن سبریاین اور سائمن ہارمر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

 

مزید خبریں