پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور کے احتجاج اور بیان کو مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور کے احتجاج اور بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے بار بار دعوﺅں سے نہ تو تاریخی حقائق اور نہ ہی جموں و کشمیر تنازعہ کی قانونی حیثیت کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، بے بنیاد معاملات کو اٹھا کر بھارت بین الاقوامی …

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور کے احتجاج اور بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے بار بار دعوﺅں سے نہ تو تاریخی حقائق اور نہ ہی جموں و کشمیر تنازعہ کی قانونی حیثیت کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، بے بنیاد معاملات کو اٹھا کر بھارت بین الاقوامی برادری کو گمراہ کر سکتا ہے اور نہ ہی اپنے جائز حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کیخلاف اپنے ریاستی جرائم کی پردہ پوشی کر سکتا ہے۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کی تمام ریاست متنازعہ ہے، جس کے حتمی سٹیٹس کا فیصلہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی جمہوری اور غیر جاندارانہ استصواب رائے کے زریعے کیا جائیگا۔یو این قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کیخلاف بھارت نے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے زریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھا ہے۔پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے اور یو این ہیومن رائٹس کونسل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔