پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لئے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لئے بورڈ آف پیس (بی او پی ) میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بی او پی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی ۔بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل …

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لئے بورڈ آف پیس (بی او پی ) میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بی او پی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی ۔بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے فریم ورک کے تحت غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی حمایت کے لئے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس کے قیام سے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے نفاذ، فلسطینی عوام کے لئے انسانی امداد میں خاطر خواہ اضافے اور علاقے کی تعمیرِ نو کے لئے عملی اقدامات ممکن ہو سکیں گے۔

پاکستان اس بات کا بھی خواہاں ہے کہ یہ کوششیں ،فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت جو بین الاقوامی اصولوں اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں سے ہم آہنگ، ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت کے سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہو گا ،کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف کو دارالحکومت بناتے ہوئے ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بورڈ آف پیس کے رکن کی حیثیت سے ان اہداف کے حصول اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔