پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے،مشیرفلسطینی صدر ڈاکٹر محمود الحباش

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور، سیرت کورٹ کے چیف جسٹس اور مسجد اقصیٰ کے امام ڈاکٹر محمود الحباش نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے اسلام کے پیغام عدل و انصاف کو اجاگر کرتے ہوئے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے پر بھی زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں "غزہ …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور، سیرت کورٹ کے چیف جسٹس اور مسجد اقصیٰ کے امام ڈاکٹر محمود الحباش نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے اسلام کے پیغام عدل و انصاف کو اجاگر کرتے ہوئے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے پر بھی زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں "غزہ اور سیرت النبی ﷺ” کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید اور دیگر معزز مہمانان بھی ان کے ہمراہ تھے۔یہ تقریب وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی، حکومت پاکستان کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر عبدالسمیع نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر اور فلسطینی وفد کے درمیان خیرسگالی ملاقات سے ہوا جس میں تعلیمی تعاون اور فلسطین سے اظہارِ یکجہتی پر گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر الحباش نے اپنے خطاب میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالی اور پاکستانی حکومت و عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے اسلام کے پیغام عدل و انصاف کو اجاگر کرتے ہوئے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے پر زور دیا۔فلسطینی سفیر ڈاکٹر زوہیر زید نے کامسیٹس یونیورسٹی سمیت پاکستان کے مختلف اداروں میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں علم کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔تقریب کا اختتام فلسطین کی آزادی، عالمی امن اور مسلم امہ کے اتحاد کے لئے دعا کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر پاکستان اور فلسطین کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔