کولمبو۔9فروری (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز منگل سے کرے گی۔ 2021ء کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کا جنوبی افریقہ کا پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا۔سیریز کے تینوں میچز 10، 13 اور 16 فروری کو کھیلے جائیں گے جبکہ تمام مقابلوں کی پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کرائی جائے گی۔ پاکستان میں ان …
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز منگل سے کرے گی

مزید خبریں
کولمبو۔9فروری (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز منگل سے کرے گی۔ 2021ء کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کا جنوبی افریقہ کا پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا۔سیریز کے تینوں میچز 10، 13 اور 16 فروری کو کھیلے جائیں گے جبکہ تمام مقابلوں کی پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کرائی جائے گی۔ پاکستان میں ان میچز کی براہ راست نشریات اے سپورٹس اور سپر سپورٹس پر دکھائی جائیں گی۔پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی جبکہ میزبان جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ ہوں گی۔
سیریز سے قبل قومی ٹیم نے کراچی میں ایک ہفتے پر مشتمل پری سیریز کیمپ میں پریکٹس سیشنز اور مختلف میچ صورتحال پر مبنی مقابلوں میں حصہ لیا۔قومی سکواڈ میں دو نئی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں فاسٹ بولرز ہمنا بلال اور تسمیہ رباب شامل ہیں جو اس سیریز میں اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئندہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم ثابت ہوگی جو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں جنوبی افریقہ کو مجموعی برتری حاصل ہے تاہم پاکستان نے 2023ء میں کراچی میں ہونے والی سیریز میں جنوبی افریقہ کو تین صفر سے شکست دی تھی۔پاکستان کی موجودہ سکواڈ میں بیٹنگ کے شعبے میں عالیہ ریاض جنوبی افریقہ کے خلاف 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 321 رنز سکور کر چکی ہیں جن کا سٹرائیک ریٹ 122.98 ہے جبکہ بائولنگ میں لیفٹ آرم سپنر سعدیہ اقبال نے چھ میچز میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اکانومی 6.66 رہی ہے۔
سیریز سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ ٹیم نڈر کرکٹ کھیلنے پر کام کر رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز فاسٹ بولرز اور بیٹرز دونوں کے لیے موزوں ہیں اور ٹیم نے ابتدائی پریکٹس میں پچز کو مثبت پایا ہے۔
فاطمہ ثناء نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کے چیلنجز ٹیم کے لیے فائدہ مند ہیں، جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، لیکن نوجوان پاکستانی سکواڈ اس سیریز سے قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل کرے گا۔پاکستان ویمنز ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی میچز جے بی مارکس اوول پوچفسٹروم، ویلو مور پارک بینونی اور کمبرلے اوول کمبرلے میں کھیلے جائیں گے جبکہ تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور رات 9 بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔








