پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا 5ویں انسپايرنگ چینج کانفرنس 2022 سے خطاب

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، عالمی تقاضوں کے مطابق ہمیں اپنی پیداوار اور وسائل کی بحالی کے ساتھ پائیدار توازن حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5ویں انسپايرنگ چینج کانفرنس 2022 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی تقاضوں کے …

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، عالمی تقاضوں کے مطابق ہمیں اپنی پیداوار اور وسائل کی بحالی کے ساتھ پائیدار توازن حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5ویں انسپايرنگ چینج کانفرنس 2022 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی تقاضوں کے مطابق ہمیں اپنی پیداوار اور وسائل کی بحالی کے ساتھ ایک پائیدار توازن حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کرنی چاہیے، تاکہ ہم تجارتی سطح پر زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان کی کل برآمدات کا ایک بڑا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ ملک کی صنعتی افرادی قوت کو براہ راست روزگار فراہم کرتا ہے جو کہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ صلاحیت صرف اسی صورت میں حاصل ہو سکتی ہے جب ہم جدید ترین تحقیق اور تکنیکی ترقی سے ہم آہنگ ہوں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ "بطور صنعتکار آپ کو روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر سوچنا چاہیے اور ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے۔” چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی مینوفیکچرنگ انڈسٹری ہونے کے ناطے پاکستانی ٹیکسٹائلز عالمی سطح پر اپنی ایک پہچان رکھتی ہیں اور یہ انڈسٹری بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود ترقی جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو وسائل کی کمی اور بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ صرف تخلیقی سوچ اور موثر مینوفیکچرنگ کے ساتھ ہی ہم ترقی یافتہ عالمی تجارتی نظام میں کسی طور مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ٹیکسٹائل کی صنعت پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ پیداوار والے بیجوں اور تکنیکوں میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان کی کپاس کی پیداوار کو بہتر بنانے کی کوششوں پر توجہ دیں اور کسانوں کی ہوصلہ افزائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہماری اپنی مینوفیکچرنگ کے لیے بہتر کوالٹی کا خام مال دستیاب ہوگا۔ قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ ہم عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹوں میں لاگت کی مسابقت حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔ محمد صادق سنجرانی نے ٹیکسٹ ٹاکس انٹرنیشنل اور تمام اسپانسرز اور اسٹیک ہولڈرز کو اس کانفرنس کو کامیاب بنانے پر مبارکباد دی۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر فیصل سلیم رحمان، سینیٹر زرقا سہروردی تیمور اور دیگر کے علاوہ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔