اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں نئے قائد ایوان کے لئے فیصل ممتاز راٹھور کے نام کا اعلان کردیا۔جمعہ کو زرداری ہائوس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائد ایوان کے لئے پیپلز پارٹی …
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، نئے قائد ایوان کیلئے فیصل ممتاز راٹھور کے نام کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں نئے قائد ایوان کے لئے فیصل ممتاز راٹھور کے نام کا اعلان کردیا۔جمعہ کو زرداری ہائوس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائد ایوان کے لئے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کے نام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں 40 سے زائد ممبران کی حمایت ملنے کا امکان ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر پر رکھی گئی تھی اور ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی لیں گے ،لیں گے کشمیر لیں گے کا نعرہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے اپنے بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ان کی مشکلات کم کرنے اور بہتری کیلئے ہماری جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کشمیر میں استحکام اور آئندہ انتخابات کیلئے راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔
چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیر کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے بطور وزیر خارجہ کشمیر پر جاندار مؤقف اپنایا، اسی طرح بے نظیر بھٹو ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیر کے تنازعہ کو ہمیشہ مقدم رکھا اور ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں ایک مضبوط سیاسی قوت ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال میں قائد ایوان کیلئے پارٹی کے آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کو نامزد کیا ہے،
ہمارے پاس عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد موجود ہے، مسلم لیگ (ن) بھی ہماری حمایت کر رہی ہے، موجودہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پیش کرنے جا رہے ہیں اور چند دنوں میں آزاد کشمیر میں جیالوں کی حکومت ہو گی۔








