لاہور۔26ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کسی قیمت پر استعفاٰ نہیں دے گی (ن) لیگ میں سے جو بھی استعفاٰ دیگا وہاں دوبارہ الیکشن ہو گا، 31 دسمبر یا جنوری تک اپوزیشن والے ٹائیں ٹائیں فش ہوںگے، اس بات کا شک پڑ رہا ہے کہ (ن) اور (ش) میں سے کوئی (ط)لیگ نہ نکل آئے' نیب پر …
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس

مزید خبریں
لاہور۔26ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کسی قیمت پر استعفاٰ نہیں دے گی (ن) لیگ میں سے جو بھی استعفاٰ دیگا وہاں دوبارہ الیکشن ہو گا، 31 دسمبر یا جنوری تک اپوزیشن والے ٹائیں ٹائیں فش ہوںگے، اس بات کا شک پڑ رہا ہے کہ (ن) اور (ش) میں سے کوئی (ط)لیگ نہ نکل آئے’ نیب پر پتھرائو کی سیاست کا پلان لندن میں ہوا’ (ش) لیگ اس وقت بہتری کا راستہ دیکھ رہی ہے، نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب بھارت کے زیر اثر ایجنٹ کا خطاب تھا۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاک فوج کا جانبازاور سینئر سیاستدان ہوںکوئی مجھے مشورہ نہیں دیتا بلکہ میں سب کو ایڈوائس کرتا ہوں، کسی شخص نے میری حالیہ باتوں کو غلط نہیں کہا، کسی کا بھی آرمی چیف سے ملنا اعزاز کی بات ہے لیکن چھوٹے قد کے بزدل لوگ ملاقات کے بعد شرما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سب پتہ ہے کہ بعض اوقات ان کی ملاقاتیں لمبی ہو جاتی تھیں تو مجھے گاڑی میں بیٹھ کر انتظار کرنا پڑتا تھا، اگر ان کی ملاقاتوں کی بات کروں تو ایک ماہ تک ٹی وی پھنس جائوں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ قابل احترام ہیں جبکہ پاک فوج زلزلہ، سیلاب سمیت ہر آفت میں سویلین حکومت کے شانہ بشانہ عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کا ترجمان نہیں ہوں سیاست اور تجربہ میں سب سے سینئر ہوں’ میں نے 14 وزارتوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں جو دنیا میں کسی شخص نے نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ عام انتخابات میں کراچی اور لاہور سے لوگ چاہتے تھے کہ میں وہاں الیکشن لڑوں لیکن میں نے راولپنڈی کو ترجیح دی۔ جہانگیر ترین کے کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انسان سے کیس مرتے دم تک ختم نہیں ہوتا جب تک اس کیس کا ٹرائل نہ ہو، جب اتنے لوگ مفرور ہو کر بھاگے ہوئے ہیں تو جہانگیر ترین کا نام بھی ان میں شامل ہو جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اے پی سی والے جہاں جلسہ کریںگے اسی جگہ پر بعد میں میں جلسہ کروں گا اور قوم کو ان کی اصلیت کے بارے میں بتائوں گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ آسمان سے اترے ہوئے لوگ نہیں جو پروپیگنڈا کرتے قوم کو تقسیم کر رہے ہیں، عوام کو کہتا ہوں کہ وہ فوج کے خلاف باتیں کرنے والوں سے سختی سے پیش آئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آٹا’ چینی سمیت 11 چیزیں مہنگی ہیں لیکن گندم، چینی کے جہاز لگے ہوئے ہیں اور عوام کو آٹا، چینی پر سبسڈی دلوائوں گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ٹرینوں کا 15 اکتوبر سے ٹائم ٹیبل بحال کیا جارہا ہے جس کو کرونا کی وجہ سے روکا گیا تھا جبکہ 20 اکتوبر سے فریٹ کی بھی لاہور میں آن لائن بکنگ شروع ہو گی اور جو فریٹ کے شعبہ میں جو بھی ملازم کرپشن میں ملوث ہوا اسے نوکری سے فارغ کرکے ہتھکڑی لگا کر جیل بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی حاضری کے لئے شناخت سسٹم لگانے کا ٹینڈر جلد ہو جائے گا تاکہ جو ملازم کام کرتا ہے اسے تنخواہ ملے اور اس سے مفت کی تنخواہ لینے والوں کی چھٹی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کو ملک بھر میں ریلوے کی اراضی پر آر او فلٹریشن پلانٹ لگانے کی اجازت دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مارشلنگ یارڈ میں چوری کی روک تھام کے لئے یارڈ کے گرد باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 5 مزید وزن کرنے والی مشینیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سامان کی لوڈنگ کے وقت وزن کا درست اندازہ ہو سکے،کیونکہ اوورلوڈنگ کی وجہ سے ڈی ریلمنٹ کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے۔








