پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت،جمہوری اقدار کےفروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، صوبائی وزیر علی مدد جتک

پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت،جمہوری اقدار کےفروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، صوبائی وزیر علی مدد جتک

کوئٹہ۔ 09 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے معروف ٹاؤن پہنچے، جہاں قبائلی رہنما حاجی تاج محمد نورزئی کی جانب سے ان کے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ ، سردار بہرام خان خلجی بھی صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کے ہمراہ موجود تھے۔ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، صوبے کی ترقی، باہمی سیاسی تعاون اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر حاجی تاج محمد نورزئی نے معزز مہمانوں کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے رابطے سیاسی ہم آہنگی، مشاورت اور عوامی مسائل کے بہتر حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔