اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) پاکستان نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔یاسین ملک بھارت کی تہار جیل میں قید ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ سینئر کشمیری رہنما یاسین ملک نے اپنے خلاف بھارتی حکومت کی جانب سے بنائے گئے بے بنیاد اور من گھڑت مقدمات کے خلاف …
پاکستان کا آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) پاکستان نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔یاسین ملک بھارت کی تہار جیل میں قید ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ سینئر کشمیری رہنما یاسین ملک نے اپنے خلاف بھارتی حکومت کی جانب سے بنائے گئے بے بنیاد اور من گھڑت مقدمات کے خلاف بطور احتجاج یکم اپریل 2020ء سے غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقدمات ان پر بدنام زمانہ قانون ٹاڈا کے تحت ایک30 سالہ پرانے بے بنیاد مقدمے میں قائم کئے گئے ہیں۔یہ تمام تر ہتھکنڈے جو ایک سیاسی رہنما اور کشمیر کی آواز کو کچلنے کیلئے اپنائے جارہے ہیں قابل مذمت ہیں۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بلخصوص اقوام متحدہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو کئی عشروں سے آزادی کی پر امن جدوجہد کرنے والے کشمیری رہنما یاسین ملک کے خلاف بھارتی حکومت کے ان مذموم عزائم اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کا نوٹس لینا چاہیے۔یہاں یہ اس امر کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ یاسین ملک کی جسمانی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں عالمی قوانین کے تحت مناسب طبی سہولتیں فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹاڈا کے تحت ایسے وقت میں مقدمہ دوبارہ کھولے جانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کشمیری رہنما کوکشمیر پربھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دینا چاہتی ہے۔بھارت کو اس امر کا احساس کرنا چاہیے کہ کشمیریوں رہنمائوں کے خلاف بے بنیاد کارروائی کرکے وہ کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتی ۔مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا واحد طریقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہے۔








