پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کی لبنان میں بڑھتی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری عالمی اقدامات کا مطالبہ

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں اسرائیل کی غیر ذمہ دارانہ فوجی کارروائیوں کو روکنے اور بڑھتے ہوئے تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

اقوام متحدہ۔2جون (اے پی پی):پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں اسرائیل کی غیر ذمہ دارانہ فوجی کارروائیوں کو روکنے اور بڑھتے ہوئے تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے لبنان میں اسرائیلی افواج کے شدید حملوں کے بعد گزشتہ رات کو منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کیا ۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پائیدار امن صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس عمل میں اس کی مسلسل شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔ یہ اجلاس فرانس کی درخواست پر بلایا گیا تھا، جب اسرائیلی افواج لبنان کے اندر مزید آگے بڑھتے ہوئے بیوفورٹ نامی قلعہ تک پہنچ گئیں ۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ جنگ بندی کے انتظامات اور لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے باوجود لبنان کی سکیورٹی اور انسانی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 2,000 مربع کلومیٹر لبنانی علاقہ، جو ملک کے تقریباً 20 فیصد کے برابر ہے، اسرائیلی قبضے میں ہے، جس سے شہری آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندھا دھند قتل، جبری بے دخلی اور قبضے کی حکمتِ عملی اور طریقہ کار ہم نے دیگر مقامات پر بھی دیکھا ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ رواں سال مارچ سے اب تک 3,400 سے زائد افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں جبکہ 10,000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے طبی اور امدادی عملے پر اسرائیلی حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مارچ سے اب تک 125 طبی کارکن ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے لبنان کی جانب سے استحکام بحال کرنے، ریاستی اختیار مضبوط بنانے اور طاقت کے استعمال کو صرف ریاستی اداروں تک محدود رکھنے کی کوششوں کو سراہا، جس میں لبنان کی مسلح افواج کا مرکزی کردار ہے۔پاکستان نے مطالبہ کیا کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جائے،تمام فریق فوری طور پر جنگی کارروائیاں بند کریں اور جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کیا جائے، اسرائیلی افواج مکمل طور پر بلیو لائن تک واپس جائیں، جو لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی حد بندی کی لکیر ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان لبنان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور امید کے فروغ کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔