پاکستان کا اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اہلکاروں، پاکستانی ’’بلیو ہیلمٹس‘‘ کو شاندار خراجِ تحسین

بین الاقوامی یومِ اقوام متحدہ امن دستوں 2026 کے موقع پر پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اہلکاروں، خصوصاً پاکستانی ’’بلیو ہیلمٹس‘‘ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

راولپنڈی۔29مئی (اے پی پی):بین الاقوامی یومِ اقوام متحدہ امن دستوں 2026 کے موقع پر پاکستان نے عالمی امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اہلکاروں، خصوصاً پاکستانی ’’بلیو ہیلمٹس‘‘ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان گزشتہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ پاکستانی امن دستوں کے اہلکار دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مختلف مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 183 پاکستانی اہلکار عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستانی امن دستے جمہوریہ کانگو (MONUSCO)، جنوبی سوڈان (UNMISS) اور وسطی افریقی جمہوریہ (MINUSCA) سمیت مختلف خطرناک علاقوں میں تعینات ہیں، جہاں وہ عسکری کارروائیوں کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جدید جنگی حالات پہلے کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ، غیر مستحکم اور غیر متوازن ہو چکے ہیں، جہاں امن دستوں کو سائبر سکیورٹی خطرات، ڈیجیٹل گمراہ کن مہمات، سیاسی تقسیم اور موسمیاتی بحران جیسے نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن 2026 کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری‘‘ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا کو محض تنازعات کے ردعمل تک محدود رہنے کے بجائے مستقل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ دور میں ’’امن میں سرمایہ کاری‘‘ کے لیے جدید انٹیلی جنس نظام، شہریوں کے تحفظ کے مؤثر انتظامات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ آپریشنل فریم ورک ناگزیر ہیں تاکہ کمزور آبادیوں کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج اقوام متحدہ کے امن مشنز کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں، جس کے تحت انسانی وسائل، جدید تربیتی سہولیات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں سرمایہ کاری جاری رکھی جائے گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور عالمی برادری کو یہ پیغام دیتا ہے کہ پائیدار امن خود بخود قائم نہیں رہتا بلکہ اس کے لیے مسلسل اجتماعی کوششوں اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان نے عالمی استحکام، سلامتی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے پرچم تلے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

مزید خبریں