پاکستان کا بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری (بی) میں شاندار آغاز

پاکستان نے بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے افتتاحی گروپ اے مقابلے میں بحرین کو 3-0 سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا گیا

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری (بی) 2026 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے افتتاحی گروپ اے مقابلے میں بحرین کو 3-0 سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک تاریخی سنگِ میل ہے کیونکہ پاکستان پہلی مرتبہ خواتین کی اس باوقار بین الاقوامی ٹیم ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ قومی ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر بلی جین کنگ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرکے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔پاکستان کی نامور کھلاڑیوں اُشنا سہیل اور ماہین آفتاب قریشی نے سنگلز مقابلوں میں شاندار کھیل پیش کیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ڈبلز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 3-0 سے فتح دلائی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف کی پوری انتظامیہ نے قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور ہوم گراؤنڈ پر اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے بقیہ مقابلوں میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی برقرار رکھے گی۔

چیمپئن شپ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے دن کے نتائج میں پاکستان نے بحرین کو 3-0 سے شکست دے دی۔ سنگلز کے مقابلے میں اُشنا سہیل نے حجر زیدان کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔سنگلز کے مقابلے میں ماہین آفتاب قریشی نے غرام الخیاط کو 6-0، 6-0 سے ہرایا۔ ڈبلز میں اُشنا سہیل اور ماہین آفتاب قریشی نے ایمان الزیمور اور حجر زیدان کو 6-1، 6-0 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح مکمل کی جبکہ مالدیپ نے بھوٹان کو 3-0 سے شکست دے دی۔ سنگلز میں کیارا اسامہ علی نے ٹنڈن شیانگ وانگمو کو 6-1، 6-0 سے شکست دی۔سنگلز میں عائشہ کرین سعیزان نے ٹینزن وانگسل لہڈن کو 6-0، 6-1 سے ہرایا۔ڈبلز میں کیارا اسامہ علی اور عائشہ کرین سعیزان نے ٹنڈن دورجی اور کنلے یانگڈن کو 6-1، 6-0 سے شکست دی۔ایران نے کویت کو 3-0 سے شکست دے دی۔ سنگلز میں حنا سلطانی نے ہدی الدبوس کو 6-2، 6-0 سے شکست دی۔سنگلز میں کیمیا صاغب تہران نے سمو الدبوس کو 6-0، 6-0 سے ہرایاجبکہ ڈبلز میں مشکات الزہرا صفی اور یاسمن یزدانی نے ہدی الدبوس اور سمو الدبوس کو 6-0، 6-2 سے شکست دے کر ایران کی فتح یقینی بنائی۔

اردن نے قطر کو 2-1 سے شکست دے دی ۔ سنگلز میں آنا ابوالحاج نے دانا خلیفہ کو 5-7، 6-4، 6-0 سے شکست دی جبکہ نور سایع نے مبارکہ النعیمی کو 7-5، 6-0 سے ہرایا۔ڈبلز میں ہندا المضحکہ اور خدیجہ گاساما نے آنا ابوالحاج اور نور سایع کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔