پاکستان کا حج کوٹہ 100 فیصد استعمال ہوا ، وزارت بہترین کارکردگی ، پرائیوٹ سیکٹر کی سخت مانیٹرنگ کی بدولت لبیتم سمیت 4 عالمی ایوارڈ ملے ، وفاقی وزیر مذہبی امور کی مدینہ منورہ میں پریس کانفرنس

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حج 2026 میں اپنا ایک لاکھ 80 ہزار کا 100 فیصد کوٹہ استعمال کیا ہے ،

مدینہ منورہ۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حج 2026 میں اپنا ایک لاکھ 80 ہزار کا 100 فیصد کوٹہ استعمال کیا ہے ، وزارت مذہبی امور کی بہترین کارکردگی اور پرائیویٹ سیکٹر کی موثر نگرانی کی بدولت پاکستان کوسعودی حکومت کی جانب سے لبیتم سمیت 4 ایوارڈ ملے ہیں ،حکومت کے ساتھ ساتھ ہمارے پرائیویٹ سیکٹر نے بھی پاکستانی کے عازمین حج کو مثالی سہولیات فراہم کیں ہیں ۔ وہ مدینہ منورہ میں پاکستان حج مشن کے ایم سی او کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ ڈائریکٹر مدینہ منورہ زاہد سہیل نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو پاکستان حج مشن میں قائم مرکزی کلینک کے تمام شعبہ جات ، ایم سی او میں قائم شکایات سیل، ارلی ڈیپارچر سیل، لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل ، ڈیجٹیل انڈیکشن سیل ، آئی ٹی سیل سمیت دیگرتما شعبہ جات کا معائنہ کرایا ۔

ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے وفاقی وزیر کو مدینہ پری حج اور پوسٹ حج انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال 14 اپریل سے شروع ہونے والے پری حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں 46 ہزار 945 حجاج نے مدینہ منورہ لینڈ کیا جہاں پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے 100 فیصد حجاج کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ آنے والے تمام عازمین کو مسجد نبوی کے بالکل قریب ‘مرکزیہ’ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تاکہ بزرگ اور بیمار حجاج کو آمدورفت میں کوئی پریشانی نہ ہو۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ میری حجاج کرام سے براہِ راست ملاقاتوں کے دوران بھی انتظامات پر انتہائی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

ڈائریکٹر مدینہ کی سربراہی میں ٹیم نے انتھک محنت کی ہے ،پوری ٹیم کو شاباش دیتا ہوں انھیں تعریفی اسناد سے بھی نوازا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دی جانے والی حج ٹریننگ اور معلومات کا حجاج کو سعودی عرب میں بہت فائدہ ہوا اور نظم و ضبط برقرار رہا۔پوسٹ حج (حج کے بعد) کے نئے مرحلے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آنے والے 72 ہزار 271 حجاج کے دوسرے بڑے مشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں ان کی روزہ پاک پر حاضری اور ریاض الجنہ میں عبادات کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مدینہ منورہ میں قیام کے بعد ان حجاج کی براہِ راست پاکستان واپسی (روانگی) کا شیڈول بھی فائنل کر لیا گیا ہے اور ہماری پوری ٹیم اس وقت فیلڈ میں موجود ہے تاکہ واپسی کا سفر انتہائی آرام دہ اور کم سے کم وقت میں مکمل ہو۔