چینی سپلائی چین کمپنی کا آئی سی سی آئی کا دورہ، فارما اور ہیلتھ کیئر شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق رائے

"چینی سپلائی چین کمپنی یوزونگھے (ہوبئی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ونس ما کی قیادت میں اعلیٰ سطحی چینی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا تاکہ پاک چین تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔”

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):چینی سپلائی چین کمپنی یوزونگھے (ہوبئی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ونس ما کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی چینی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔

وفد کے دورے کا مقصد پاکستان میں فارماسیوٹیکل، ہیلتھ کیئر، میڈیکل ٹیکنالوجی اور سپلائی چین کے شعبوں میں کاروباری مواقع کا جائزہ لینا اور دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ونس ما نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی اور پرکشش مارکیٹ سمجھتی ہے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان قریبی تعاون سے صحت کی سہولیات میں بہتری، فارماسیوٹیکل سپلائی چین کو مضبوط بنانے، جدید ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج ہونے والی بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان مضبوط اور دیرپا شراکت داری کی بنیاد ثابت ہوں گی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ چینی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کا مظہر ہے اور دواسازی، صحت اور سپلائی چین کے شعبوں میں شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح کا خطہ پاکستان کے اہم فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر مراکز میں شمار ہوتا ہے جہاں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور آئی سی سی آئی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں قابل اعتماد کاروباری شراکت داروں سے جوڑنے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ، بائیوٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر جدت اور جدید سپلائی چین کے شعبوں میں چین کی عالمی مہارت اور پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت اور وسعت پذیر مارکیٹ دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے اس امید کا اظہار کیا کہ آج کی ملاقاتیں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان نئے تجارتی روابط، مشترکہ سرمایہ کاری اور مضبوط اقتصادی شراکت داری کا باعث بنیں گی۔ اس موقع پر لیو ہی، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری، عمران منہاس، روحیل انور بٹ، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، آئی سی سی آئی کے رکن اسرار مشوانی، عظمیٰ شیراز اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔