پاکستان کا روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے بامعنی مذاکرات پر زور

اقوام متحدہ۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان نے روس اور یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کے حل کے لئےمسلسل، بامعنی اور منظم مذاکرات میں شامل ہوں ۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے گزشتہ روز سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری روس یوکرین جنگ پر گہری تشویش میں مبتلا ہے، جس کے نتیجے میں …

اقوام متحدہ۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان نے روس اور یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کے حل کے لئےمسلسل، بامعنی اور منظم مذاکرات میں شامل ہوں ۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے گزشتہ روز سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری روس یوکرین جنگ پر گہری تشویش میں مبتلا ہے، جس کے نتیجے میں موت، تباہی، معاشی نقصانات اور بے پناہ انسانی تکالیف کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی مندوب نے یوکرین کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ ہمیں حالیہ عرصے میں لڑائی میں اضافے اور دونوں جانب سے حملوں کی شدت پر سخت تشویش ہے، جس سے پہلے ہی نہایت سنگین انسانی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف جنگ کو طول دیتے ہیں بلکہ اعتماد کو مجروح کرتے ہیں اور امن کے لئے جاری کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدا ہی سے پاکستان کا مؤقف واضح رہا ہے کہ پائیدار امن کے لئے مذاکرات ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ آج پہلے سے کہیں زیادہ، عالمی رائے عامہ اس تنازعہ کو پرامن ذرائع سے ختم کرنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں سفارت کاری اور سنجیدہ روابط نے نتائج دیئے ہیں، جیسا کہ جولائی 2022 میں بلیک سی گرین انیشی ایٹو کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کی اُن قراردادوں کا حوالہ دیا جو تنازعہ کے پرامن حل کے لئے منظور کی گئیں۔ پاکستانی مندوب نے خاص طور پر کئی ممالک، بالخصوص امریکا کی کوششوں کو سراہا جس نے اس تنازع کے حل میں مذاکرات کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام فریق جاری سفارتی عمل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، حقیقی سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں گے اور تعمیری انداز میں بات چیت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی سے آغاز کریں گے جو یورپ میں امن اور سلامتی کی راہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ لاکھوں افراد کو اذیت سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے کے پرامن ، جامع اور دیرپا حل کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

 

مزید خبریں