پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کی شرکت

راولپنڈی۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس ڈھانچے اور ٹیم کی مجموعی بہتری سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ عاقب جاوید نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی کامیابی کا انحصار کھلاڑیوں کے معیار کے ساتھ ساتھ مضبوط بینچ اسٹرینتھ پر ہوتا ہے اور پاکستان …

راولپنڈی۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس ڈھانچے اور ٹیم کی مجموعی بہتری سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ عاقب جاوید نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی کامیابی کا انحصار کھلاڑیوں کے معیار کے ساتھ ساتھ مضبوط بینچ اسٹرینتھ پر ہوتا ہے اور پاکستان کرکٹ میں اسی پہلو پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سسٹم کا مقصد ایسے کھلاڑی تیار کرنا ہے جو مختلف حالات میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ویژن اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کے تحت پاکستان کرکٹ کو ایک واضح سمت دی جا رہی ہے، جدید انفراسٹرکچر اور عالمی معیار کی سہولیات پائیدار ہائی پرفارمنس کرکٹ کی بنیاد ہیں جن پر مسلسل کام جاری ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے بتایا کہ پچ کی تیاری میں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور مختلف کنڈیشنز کے مطابق کھلاڑیوں کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیم عالمی سطح پر بہتر نتائج دے سکے۔ عاقب جاوید نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور آنے والے وقت میں ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔