پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائی، ائیر میل سروس کراچی کے ذریعے چاندی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):کراچی کے کسٹمز حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل میل آفس، کراچی کے ذریعے چاندی کی پاکستان میں سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ایف بی آر کی جانب سے منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی پارسلز کی تفصیلی جانچ کے دوران کسٹمز ٹیم نے تین مختلف کھیپوں میں چھپائی گئی 79.18 کلوگرام چاندی کی جیولری برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):کراچی کے کسٹمز حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل میل آفس، کراچی کے ذریعے چاندی کی پاکستان میں سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ایف بی آر کی جانب سے منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی پارسلز کی تفصیلی جانچ کے دوران کسٹمز ٹیم نے تین مختلف کھیپوں میں چھپائی گئی 79.18 کلوگرام چاندی کی جیولری برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً 66.9 ملین روپے ہے۔

پارسلز کو زیورات/فیشن زیورات ظاہر کیا گیا تھا جو ہانگ کانگ سےراولپنڈی کے ایک وصول کنندہ کے نام پر بھیجے گئے تھے۔ کراچی میں انٹرنیشنل میل آفس میں سخت نگرانی کے باعث سمگل شدہ سامان کو ان کی مطلوبہ منزل تک پہنچنے سے پہلے قانون کے مطابق شناخت کر کے قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

چاندی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے چاندی کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان بھر میں چاندی سمگلنگ کے مختلف کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں تاہم یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں بین الاقوامی میل آفس کے ذریعے سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چاندی کی بھاری مقدار ضبط کی گئی ہے۔ترجمان ایف بی آرنے بتایا کہ ایف بی آر ملکی معیشت کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی ڈاک سمیت کسی بھی ذریعے سے ہونے والی اسمگلنگ کے خلاف کاروائی کے لیے پرعزم ہے۔