پاکستان کو پانی کے کئی سنگین چیلنجز کا سامنا، گزشتہ سال دریاؤں میں آنے والے سیلاب نے ہماری معیشت کو 822 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دریاؤں میں آنے والے سیلاب نے ہماری معیشت کو 822 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دریاؤں میں آنے والے سیلاب نے ہماری معیشت کو 822 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریرمیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پانی کے کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جیسے سٹوریج کی کم ہوتی صلاحیت اور موسمیاتی تبدیلی سے آنے والے سیلاب۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دریاؤں میں آنے والے سیلاب نے ہماری معیشت کو آٹھ سو بائیس ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ یہ نقصان ہمیں اس شعبے میں منظم سرمایہ کاری کی فوری ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسی لیے وفاقی ترقیاتی بجٹ 27-2026 میں تینتالیس (43) آبی منصوبوں کے لیے ایک سو تین اعشاریہ ایک (103.1) ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب سے اہم منصوبوں میں دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے 14 ارب روپے، مہمند ڈیم کےلیے 22 ارب روپے، داسو ہائیڈرو پاور کےلیے 15 ارب روپے اور کراچی کے بلک واٹر سپلائی منصوبے (کے-4) کےلیے 10 ارب روپے شامل ہیں۔