سیالکوٹ۔ 07 نومبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور یہاں اقلیتوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سیالکوٹ میں مسیحی برادری کے ایک دعائیہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان …
پاکستان کی ترقی و استحکام میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے،خواجہ محمد آصف

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 07 نومبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور یہاں اقلیتوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سیالکوٹ میں مسیحی برادری کے ایک دعائیہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، ہمیں قائدِ اعظم کے اُس وژن کو عملی شکل دینی چاہیے جس میں مذہب، ذات یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ ہو۔ انہوں نے پروگرام میں آنے والے تمام مسیحی بہن بھائیوں اور ان کے قائدین کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نیلسن عظیم کی قومی اسمبلی میں بطور ایم این اے نمائندگی اس بات کی نشاندھی کرتی ہے کہ ہم اپنے مسیحی بہن بھائیوں کا کس طرح اور کتنا خیال رکھتے ہیں اور یہ ہمارا فرض بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوان اپنے وطن عزیز کے لیے اندرونی و بیرونی محاذوں پر لڑ رہے ہیں، حالیہ پاک بھارت جنگ میں بھی ہماری بہادر افواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے اور ان کے 7 جنگی جہاز جن پر انہیں بڑا ناز تھا مار گرائے جس کا ذکر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد بار کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اس ضمن میں اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری بہادر افواج کے ہوتے ہوئے ہمیں کوئی فکر نہیں کرنی چاہیئے اس لیے ہم سب اپنی بہادر افواج کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں اور پھر جس کی کمانڈ ہمارے فخر فیلڈ مارشل سید جنرل حافظ عاصم منیر جیسے مرد مجاہد کے ہاتھ ہو اسے بھلا کون مات دے سکتا ہے اور جس طرح دنیا بھر میں وہ ہمارا نام روشن کر رہے ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ملک و قوم کے لیے مذید کامیابیاں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔
سینئر پادری انور فضل کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نیلسن عظیم، سینئر پادری و چیئرمین آئزک ٹی وی انور فضل سمیت اندرون و بیرون ممالک سے آئے پاسٹرز، پادریوں اور مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے اس دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔








