پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی میں مزدور طبقے کی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، خالد حسین مگسی

پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی میں مزدور طبقے کی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، خالد حسین مگسی

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ یوم مزدور محنت، خدمت اور قومی ترقی کے عزم کی تجدید کا اہم موقع فراہم کرتا ہے،پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی میں مزدور طبقے کی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے ملک بھر کے محنت کشوں کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی میں مزدور طبقے کی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

فیکٹریوں، لیبارٹریوں، کھیتوں اور تعمیراتی شعبوں میں کام کرنے والے ورکرز ہی دراصل قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی محنت سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ اسلام محنت، دیانت داری اور جائز روزگار کو عزت و وقار کی علامت قرار دیتا ہے، اور اسی تناظر میں محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور منصفانہ معاوضے کی فراہمی ہر مزدور کا بنیادی حق ہے جسے یقینی بنایا جانا چاہیے۔خالد حسین مگسی نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے میدان میں بھی ورکرز کا کردار نہایت اہم ہے۔

جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں محنت کش طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور ان کی مہارت اور لگن کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔آخر میں انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے والے تمام مزدوروں کو یومِ مزدور کے موقع پر سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔