اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بلا اشتعال ریاستی دہشت گردی اور بے گناہ کشمیریوں کے جعلی پولیس مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل اور نام نہادگھیرائواور سرچ آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی قابض افواج کی طرف سے خواتین اور بچوں …
پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بلا اشتعال ریاستی دہشت گردی ، بے گناہ کشمیریوں کے جعلی پولیس مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل،نام نہادگھیرائواور سرچ آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بلا اشتعال ریاستی دہشت گردی اور بے گناہ کشمیریوں کے جعلی پولیس مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل اور نام نہادگھیرائواور سرچ آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی قابض افواج کی طرف سے خواتین اور بچوں سمیت 300 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز بھی بھارتی غیر مقبوضہ جموں و کشمیر کے کلگام اور پلوامہ کے اضلاع میں چار مزید نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی اور غیر انسانی فوجی محاصرے اور کریک ڈاﺅن کے دوران ایک 14 سالہ لڑکے کو بھی شدید زخمی کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ بھارتی قابض افواج کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، ماورائے عدالت قتل کے واقعات، زیر حراست تشدد اور اموات، جبری گمشدگیوں اور کشمیری قیادت اور نوجوانوں کے خلاف پیلٹ گنز کے استعمال، مکانات کی مسماری، اجتماعی سزائوںاور دیگر غیر قانونی حربے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور مستقبل میں بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لئے ہے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود ان کی تحریک مزید مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ذرائع ابلاغ سمیت عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی سنگین صورتحال کا ادراک کریں اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنگی جرائم پر بھارت سے جواب طلبی کریں۔ ترجمان نے عالمی برادری پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے پر امن حل کے لئے کردار ادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔








