پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانی پرجوش ہیں، وزیراعظم 14 اگست کو مکمل ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا آغاز کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم 14 اگست کو مکمل ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا آغاز کریں گے، پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانی پرجوش ہیں، ہم اپنے قومی ہیروز، قومی ثقافت اور قومی ورثہ کو اجاگر کریں گے، وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام پاکستان کی سالگرہ قومی جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام ڈیجیٹل فوٹو گرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے، اس سال 75 ویں سالگرہ کے موقع پر قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ مکمل کی گئی ہے جس کا پرومو آج جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1954ء میں قومی ترانہ پہلی مرتبہ ریکارڈ ہوا تھا، اس کے بعد اس میں جدت لائی جاتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ ری ریکارڈڈ قومی ترانہ پاکستان کے طول و ارض سے آرٹسٹوں نے مل کر گایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ترانے کی ریکارڈنگ کا کام 2017ء میں شروع ہوا تھا، پچھلی حکومت میں بھی اس پر کام جاری رہا، گزشتہ چار ماہ سے اس پر ہم کام کر رہے تھے، یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم 14 اگست کو ری ریکارڈڈ قومی ترانہ قومی پرچم کشائی کی تقریب میں لانچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس مرتبہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ منانے میں نوجوانوں سمیت ہر پاکستانی پرجوش ہے۔

کافی ٹیبل بک کی ڈیجیٹل لانچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کافی ٹیبل بک میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے، کوئی بھی شخص کافی ٹیبل بک کو اپنے موبائل پر ڈائون لوڈ کر کے دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کافی ٹیبل بک کو کیو آر کوڈ سے لنک کیا گیا ہے، موبائل فون کے ذریعے کیو آر کوڈ سکین کر کے کافی ٹیبل بک کو دیکھا جا سکتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی پچہترویں سالگرہ پر ہم اپنے قومی ہیروز، قومی ثقافت اور قومی ورثہ کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان دنوں پاکستان ٹیلی ویژن ضرور دیکھیں، قومی چینل پر ”پاکستان کہانی” کے نام سے مختلف سیریز پیش کی جا رہی ہیں، ان سیریز میں ملکی تاریخ کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر یہ تمام اسٹوریز بچوں اور نوجوانوں کے لئے پیش کی جا رہی ہیں جن میں قیام پاکستان کے لئے دی جانے والی قربانیوں کا ذکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے روزانہ کی سرگرمیاں پی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کی جا رہی ہیں، پچہتر سالہ تقریبات میں پاکستان کے اندر ٹیکنالوجی، ماس ٹرانزٹ، کنیکٹیویٹی، پاکستان ایک ایٹمی قوت، کے حوالے سے تمام چیزوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے ہم ہر روز ان سرگرمیوں کو اجاگر کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈیجیٹل تصویری نمائش کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ نمائش کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے جنہوں نے ڈیجیٹل تصویری نمائش کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کافی ٹیبل بک کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں پاکستان کی آزادی کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔