پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے رکن، پاکستانی نژاد کونسلرز، تاجروں، ہائی کمیشن کے افسران، میڈیا کے نمائندوں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
لندن۔8مئی (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے رکن، پاکستانی نژاد کونسلرز، تاجروں، ہائی کمیشن کے افسران، میڈیا کے نمائندوں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جمعہ کو پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ۔ برطانیہ میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر، حسیب بن عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ہماری نڈر افواج نے بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور مثالی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے وقار اور عزت کو برقرار رکھا۔
آپریشن ’’بنیان المرصوص ‘‘ کے دوران، افواج پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور موثر تھا۔ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ناقابل شکست بنی۔انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا، جنہوں نے غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی سمندر پار نمائندگی کی ۔ اس موقع پر ڈیفنس اینڈ نیول ایڈوائزر، کموڈور جواد خواجہ اور آرمی اینڈ ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان کی دفاعی افواج نے مثالی اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور پاکستان کی خودمختاری کا تحفظ کیا۔
پریس منسٹر علی نواز ملک نے حاضرین کو معرکہ حق کے دوران برطانوی میڈیا کو باخبر رکھنے اور بھارت کی طرف سے پھیلائے جانے والے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کے ٹھوس اور اصولی موقف کو پیش کرنے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کے موثر اقدامات سے آگاہ کیا۔برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور پوری قوم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جو معرکہ حق کے دوران پرعزم اور متحد رہے۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معرکہ حق کا جذبہ مستقبل میں بھی پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم اور پاکستانی قوم کو متحد رکھے گا۔








