پاکستان ہم آہنگی، باہمی احترام اور تمام شہریوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے ۔ صدرآصف علی زرداری کا عالمی یوم برداشت پر پیغام

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہم آہنگی، باہمی احترام اور تمام شہریوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے۔موجودہ دور میں جہاں دنیا پہلے سے زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، ڈائیلاگ، ہمدردی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہم آہنگی، باہمی احترام اور تمام شہریوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے۔موجودہ دور میں جہاں دنیا پہلے سے زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، ڈائیلاگ، ہمدردی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ برداشت اور رواداری کے اصول اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کا بنیادی حصہ ہیں، جو انسانیت کے لیے رحم، عدل اور احترام کا درس دیتے ہیں۔ بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا تھا جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتی پس منظر رکھنے والے لوگ برابری، احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ اس وژن کو برقرار رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اقوامِ متحدہ کے عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق نے ہر انسان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کیا ہے، جن کی روشنی میں دنیا بھر کے آئین اور قوانین تشکیل پائے، جبکہ پاکستان کے آئین میں بھی ہر شہری کومذہبی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایسے عوامل کے خاتمے کو اپنی پالیسیوں کا مرکز بنایا ہے جو سماجی یا مذہبی استحصال کا سبب بن سکتے ہیں۔ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، جن کی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پارلیمان نے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس بل 2025 منظور کیا ہے، جبکہ سینیٹ میں “منارٹیز کاکس” کے قیام سے اقلیتوں کے آئینی حقوق، رواداری کے فروغ اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

انہوں نے تمام شہریوں، خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کے تعصب، امتیاز اور نفرت کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے علمائے کرام، اقلیتی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کریں تاکہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جہاں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد قومی شناخت بن جائے۔انہوں نے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے شہریوں کو برداشت، شفقت اور انسانیت کی اقدار کو مضبوط بنانے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ملک کو زیادہ پُرامن اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جایا جا سکے۔