پاک بحریہ ملک کو درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

ISPR
ISPR

راولپنڈی۔26مئی (اے پی پی):چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور طلباء افسران سے خطاب کیا۔ نیول چیف کی آمد پر کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ نے استقبال کیا۔ سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملک کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف نے جدید رجحانات سے باخبر رہنے اور ابھرتے ہوئے پیچیدہ اور متحرک سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کیلئے مزید کوششیں کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملٹری آپریشنز کے جدید تصور میں ہم آہنگی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جو آج کی جنگ میں کامیابی کو یقینی بناتی ہے۔

نیول چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول میں پاکستان نیوی ہائبرڈ وارفیئر کے دائرہ کار میں تیار ہونے والے میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے۔ نیول چیف نے مزید زور دیا کہ پاک بحریہ سسٹر سروسز کے فعال تعاون سے ملک کو درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے بات چیت کی۔ نیول چیف نے کوئٹہ کے دورے کے دوران ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کور کا بھی دورہ کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔