پاک سعودی دفاعی معاہدہ وزیر اعظم کی سیاسی بصیرت اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین عسکری قیادت کا نتیجہ ہے،وزیر تعلیم بلوچستان

کوئٹہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید درانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کو ملک و قوم کے لیے ایک عظیم فتح اور تاریخ ساز پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بالآخر پاکستان کی جغرافیاتی و عسکری اہمیت کو سمجھ گئی ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں وزیر تعلیم کہا کہ عرب دنیا کا پاک فوج کی …

کوئٹہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید درانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے کو ملک و قوم کے لیے ایک عظیم فتح اور تاریخ ساز پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بالآخر پاکستان کی جغرافیاتی و عسکری اہمیت کو سمجھ گئی ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں وزیر تعلیم کہا کہ عرب دنیا کا پاک فوج کی شاندار پیشہ ورانہ مہارت، صلاحیت اور جرات کا اعتراف اس معاہدے کی بنیاد ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا جو تاریخی، پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا، وہ درحقیقت پاکستانی عوام، اس کی افواج اور اس کے قائدین کے لیے عالمی سطح پر احترام و عزت کی علامت ہے۔

وزیر تعلیم بلوچستان نے کہا کہ یہ دلچسپ اور قابل فکر امر ہے کہ جہاں پوری عالمی برادری اور بالخصوص اسلامی دنیا پاکستان کی اس بلند مقام پر پہنچنے پر خوشی و اطمینان کا اظہار کر رہی ہے، وہیں دشمن ممالک، بلخصوص بھارت کی پریشانیوں اور بیزاری میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کی اس پریشانی کی وجہ یہ ہے کہ معرکہ حق کے بعد عالمی دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور اسے وہ پذیرائی ملی ہے جس کا یہ حق دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حرمین شریفین کی پاسبانی اور روضہ رسول ؐ کی حفاظت کا شرف ایک بہت بڑا اعزاز ہے جو اللہ تعالیٰ نے اس قوم کو عطا کیا ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں امت مسلمہ کا متحد ہونا ناگزیر ہو چکا ہے اور پاکستان اس یکجہتی میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔

راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی کے پس پردہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دوررس سیاسی بصیرت اورچیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین عسکری قیادت ہے، جن کی حکمت عملی اور کوششوں نے دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف مبذول کرائی ہے۔

وزیرتعلیم بلوچستان نے کہا کہ اس معاہدے نے پوری قوم میں یکجہتی اور ملک دشمن عناصر کے لیے ایک واضح پیغام کی حیثیت اختیار کر لی ہے۔ مستقبل قریب میں پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا۔