پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد

راولپنڈی ۔ 07 مارچ (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن ،ترقی اور استحکام کی مثبت سوچ پر گامزن ہے اور کوئی طاقت کے استعمال یا اسکی دھمکی سے ہمیں مرعوب نہیں کرسکتا ،کورکمانڈر کانفرنس نے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کے خلاف مادروطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ …

راولپنڈی ۔ 07 مارچ (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن ،ترقی اور استحکام کی مثبت سوچ پر گامزن ہے اور کوئی طاقت کے استعمال یا اسکی دھمکی سے ہمیں مرعوب نہیں کرسکتا ،کورکمانڈر کانفرنس نے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کے خلاف مادروطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 219ویں کورکمانڈر کانفرنس جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔کانفرنس میںپاک بھارت جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت کا ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف آگ بڑھکا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جلتی پر تیل کا کام کر ر ہے ہیں۔کور کمانڈرز کانفرنس میں پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مہم جوئی اورجارحیت کے خلاف مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے نیشل ایکشن پلان 2014 کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درامد کے لیے دوسرے ریاستی اداروں کو مکمل معاونت دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف نے فورسز کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی مثبت راہ پر گامزن ہے۔ پاک فوج کے سربراہ نے قوم کی طرف سے حمایت کو سراہا اور اللہ تعالٰی کی رحمت پر شکر ادا کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار اور چوکس ہیں ، کوئی بھی ہمیں خطرے یا قوت کے ذریعے مرعوب نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کی صوابدید رہے گا۔

Leave a Reply