پبلک پروکیورمنٹ نظام کو مزید شفاف، موثر اور جوابدہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پبلک پروکیورمنٹ کے نظام کو مزید شفاف، موثر اور جوابدہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے، جدید تقاضوں کے مطابق نظام کو موثر بنانے کے لیے قانونی اصلاحات ضروری ہیں جبکہ شکایات کے موثر ازالے، نگرانی، مفادات کے ٹکرائو سے بچائو اور ادارہ جاتی آزادی کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پبلک پروکیورمنٹ کے نظام کو مزید شفاف، موثر اور جوابدہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے، جدید تقاضوں کے مطابق نظام کو موثر بنانے کے لیے قانونی اصلاحات ضروری ہیں جبکہ شکایات کے موثر ازالے، نگرانی، مفادات کے ٹکرائو سے بچائو اور ادارہ جاتی آزادی کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے۔وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی مقدمات (سی سی ایل سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) آرڈیننس 2002ء میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی جبکہ نئے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2025ء کے مسودے پر بھی غور کیا گیا۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2025ء سے متعلق بعض امور کو مجوزہ قانون سازی کی تکمیل تک موخر رکھا جائے گا۔ اجلاس میں پبلک پروکیورمنٹ کے قانونی و ادارہ جاتی نظام میں اصلاحات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر قانون نے پبلک پروکیورمنٹ نظام میں شفافیت، جوابدہی اور موثر نگرانی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پبلک پروکیورمنٹ سے متعلق شکایات کے آزادانہ ازالے اور تھرڈ پارٹی جائزے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں پبلک پروکیورمنٹ کے عمل میں مفادات کے ٹکرائو سے بچائو اور ادارہ جاتی آزادی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ نظام میں ای پروکیورمنٹ کے موثر استعمال کو مزید فروغ دینے پر بھی غور ہوا۔کمیٹی نے اوگرا (ترمیمی) بل 2026ء اور ایس ایم ای ڈی اے آرڈیننس 2002ء میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں ڈرافٹ پٹرولیم رولز 2025ء کی منظوری کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل اور ذخیرے سے متعلق حفاظتی معیارات کے مجوزہ قواعد کی بھی منظوری دی گئی۔ پٹرولیم شعبے سے متعلق قواعد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیر قانون نے قانون سازی کے عمل میں قانونی اور تکنیکی پہلوئوں کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موثر قانون سازی کے لیے تمام متعلقہ امور کا باریک بینی سے جائزہ ضروری ہے۔اجلاس میں منظور شدہ ایجنڈا آئٹمز پر متعلقہ قانونی کارروائی آگے بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید خبریں