پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کاچوتھا مرحلہ،کے آر ایل، ساحر ایسوسی ایٹس، غنی گلاس اور او جی ڈی سی ایل نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

راولپنڈی۔14دسمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں کے آر ایل، ساحر ایسوسی ایٹس، غنی گلاس اور او جی ڈی سی ایل نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ معاذ صداقت، امام الحق اور فہام الحق نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں کے آر ایل نے اسٹیٹ بینک کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ …

راولپنڈی۔14دسمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں کے آر ایل، ساحر ایسوسی ایٹس، غنی گلاس اور او جی ڈی سی ایل نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ معاذ صداقت، امام الحق اور فہام الحق نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں کے آر ایل نے اسٹیٹ بینک کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.1 اوورز میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، غازی غوری 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ارشد اقبال نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کے آر ایل نے مطلوبہ ہدف 33.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شاہ زیب خان 69، افتخار احمد 50 اور سعد بیگ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دوسرے میچ میں ساحر ایسوسی ایٹس نے پی ٹی وی کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پی ٹی وی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان 207 رنز بنائے۔ تیمور خان 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ رضا اللہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ساحر ایسوسی ایٹس نے مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فہام الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ تیسرے میچ میں غنی گلاس نے ایس این جی پی ایل کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ ایس این جی پی ایل کی ٹیم پہلے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.2 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اذان اویس 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

شعیب اختر جونیئر اور عبید شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں غنی گلاس نے مطلوبہ ہدف 48.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ طیب طاہر 49، حسین طلعت 36 اور ظفر گوہر 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ چوتھے میچ میں او جی ڈی سی ایل نے واپڈا کو 67 رنز سے مات دی۔ او جی ڈی سی ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 380 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 110 رنز بنائے جس میں 10 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے،

امام الحق نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 108 رنز بنائے۔ احمد صفی عبداللہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واپڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ بسم اللہ خان 77، احمد صفی عبداللہ 60 اور محمد نعیم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عادل امین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔