پسن نگر میں دنیا کے بلند ترین خوبصورت قدرتی کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کا باقاعدہ آغاز

پسن نگر میں دنیا کے بلند ترین خوبصورت قدرتی کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کا باقاعدہ آغاز

گلگت۔8اکتوبر (اے پی پی):حکومت گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نگر اور محکمہ سیاحت نے سیاحت کو فروغ دینے کےلئے پسن نگر میں دنیا کے بلند ترین خوبصورت قدرتی کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ ایونٹ کا پہلا میچ ضلع دیامر اور ضلع نگر کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ۔دیامر کی ٹیم نے اچھا کھیل کا مظاہرہ کیا اور فاتح قرار پائی۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی گلگت بلتستان فتح اللہ خان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔دنیابھر سے آئے سیاحوں نے بھی کرکٹ میچ دیکھا۔

جمہوریہ چیک کے سیاح پیٹرک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اتنی پرفضا اور قدرتی حسن سے مالامال جگہ پر پہلی مرتبہ کرکٹ میچ دیکھا ہے، میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ یہاں کا قدرتی حسن ، پہاڑیاں اور وادی اتنی خوبصورت ہوں گی تاہم میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے قدرتی حسن دیکھنے کا موقع ملا، میں یہاں پر کرکٹ میچ دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوا ۔