پاکستان ریلویز کی جانب سے اپ گریڈڈ ”عوام ایکسپریس“ کا باقاعدہ افتتاح آج پشاور ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک سادہ مگر باوقار تقریب میں کیا گیا۔
پشاور میں اپ گریڈڈ عوام ایکسپریس کا افتتاح، مسافروں کیلئے جدید سہولیات متعارف

مزید خبریں
پشاور۔25مئی (اے پی پی):پاکستان ریلویز کی جانب سے اپ گریڈڈ ”عوام ایکسپریس“ کا باقاعدہ افتتاح آج پشاور ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک سادہ مگر باوقار تقریب میں کیا گیا۔ وزارت ریلوے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افتتاح سیکرٹری ریلویز نے وفاقی وزیر برائے ریلویز محمد حنیف عباسی کی ہدایات پر کیا ، جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔تقریب کے دوران سیکرٹری ریلویز اور شاہد آفریدی نے عوام ایکسپریس میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ اپ گریڈڈ ٹرین میں مسافروں کیلئے آن بورڈ وائی فائی، آرام دہ اور جدید نشستیں، بہتر سفری ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ عوام کو ایک محفوظ، آرام دہ اور خوشگوار سفر میسر آ سکے۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے پشاور ریلوے اسٹیشن پر ٹھنڈے پانی کے جدید فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا، جس سے مسافروں کو صاف اور ٹھنڈے پانی کی سہولت دستیاب ہوگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ریلویز نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے پشاور کے عوام کیلئے یہ ایک “عید تحفہ” ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر افتتاحی تقریب کو نہایت مختصر اور سادہ رکھا گیا ہے۔سیکرٹری ریلویز نے کوئٹہ دھماکے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی، جبکہ ملک کی سلامتی، امن و استحکام کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز ملک بھر کے مسافروں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔








