پنجاب بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں گزشتہ ہفتے کی نسبت رواں ہفتے بھی کمی کا رجحان برقرار ہے، خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی، قتل، ڈکیتی، گاڑی چوری اور راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں گزشتہ ہفتے کی نسبت رواں ہفتے بھی کمی کا رجحان برقرار ہے، خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی، قتل، ڈکیتی، گاڑی چوری اور راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو جرائم میں کمی کے اس رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرائم کنٹرول کے حوالے سے مسلسل چوتھے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب بھر کے پولیس ریجنز اور اضلاع کی ہفتہ وار کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اے آئی جی مانیٹرنگ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ہفتے خواتین اور بچوں سے زیادتی، قتل، ڈکیتی، گاڑی چوری، راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر کمی آئی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈکیتی، رابری، قتل، بچوں اور خواتین سے زیادتی، تشدد اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر جرائم کی صورتحال کا باقاعدگی سے ہفتہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے لاپتا خواتین کی بازیابی کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے، سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے چالاننگ کی شرح بہتر بنانے اور قتل، ڈکیتی و راہزنی سمیت سنگین جرائم کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں تیزی لانے کی ہدایت بھی اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکاراسمیت دیگرنے شرکت کی جبکہ سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سمیت متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔